جدہ: او آئی سی نے امریکی صدر کی مشرق وسطیٰ ڈیل کو مسترد کردیا

جدہ (ڈیلی اردو) اسلامی ممالک کی تنظیم ’او آئی سی‘ نے مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امن منصوبے کو یک طرفہ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق 57 اسلامی ممالک پر مشتمل تنظیم ‘اسلامی تعاون تنظیم‘ کے جدہ میں ہونے والے اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مشرق وسطیٰ کے لیے پیش کیے گئے منصوبے کو مسترد کردیا گیا ہے۔

او آئی سی نے رکن ممالک کو اس منصوبے کے لیے امریکی انتظامیہ کے ساتھ کسی قسم کا تعاون یا مدد پیش نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ڈیل یک طرفہ ہے جس میں فلسطینی قیادت اور عوام کی امنگوں کا خیال نہیں رکھا گیا ہے اور صرف ایک فریق کو نوازا گیا ہے۔

اس سے قبل عرب لیگ نے صدر ٹرمپ کے دو ریاستی منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس حوالے سے امریکا کے ساتھ کسی قسم کا تعاون نہیں کیا جائے گا۔ اس ڈیل کے ذریعے فلسطینیوں کو ان کے جائز حقوق سے محروم رکھا گیا ہے۔ فلسطین کے صدر محمود عباس نے بھی ڈیل کو مسترد کردیا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں