ایران میں سی آئی اے کے جاسوس کو سزائے موت کا حکم، دو کو 15 سال قید

تہران (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) ایران نے امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے لیے جاسوسی کرنے پر ایک شخص کو سزائے موت اور دیگر 2 مجرمان کو 15، 15 سال قید کی سزا سنا دی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کی اعلی عدالت کے ترجمان غلام حسین اسماعیل کا کہنا ہے کہ عامر رحیم پور نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق معلومات سی آئی اے کو فراہم کیں اور اس کے بدلے بہت سے پیسے کمائے۔

عدالتی ترجمان نے مزید بتایا کہ عامر رحیم پور کے علاوہ دیگر دو افراد کو جاسوسی کے الزام میں 10 اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے پر 5 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

ایرانی حکام کی جانب سے قید کی سزا پانے والے ان دو افراد کے نام اور قومیت نہیں بتائی گئی البتہ یہ کہا گیا ہے کہ یہ دونوں فلاحی تنظیم کے رکن کے طور پر کام کرتے ہوئے سی آئی اے کیلئے جاسوسی کر رہے تھے۔

غلام حسین اسماعیل کا کہنا ہے کہ عدالت کی جانب سے سزائے موت پانے والے مجرم کی سزا پر جلد عملدرآمد کیا جائے گا۔ تینوں افراد کی سزا کے حوالے سے فی الحال امریکی حکومت اور سی آئی اے کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

گذشتہ سال ایران کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ اس نے سی آئی اے کے لیے جاسوسی کرنے والے 17 رکنی جاسوس گروہ کو گرفتار کیا ہے جن میں سے کچھ کو سزائے موت دے دی گئی ہے۔

ایران کا کہنا تھا کہ پکڑے گئے جاسوس حساس اور اہم نجی سیکٹر کے اقتصادی، نیوکلیئر، انفرا اسٹرکچرل، عسکری اور سائبر سینٹرز کے علاقوں میں ملازم تھے جہاں انہوں نے مخصوص اطلاعات جمع کیں۔

خیال رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان گذشتہ دو ماہ سے سخت کشیدگی پائی جاتی ہے۔ جنوری میں امریکا نے بغداد میں میزائل حملہ کرکے ایرانی القدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کردیا تھا جس کے بعد ایران کی جانب سے بھی عراق میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں