بیجنگ (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 427 تک پہنچ گئی ہے۔
ہلاک ہونے والوں میں 425 افراد کا تعلق چین سے ہے جب کہ دو افراد فلپائن اور ہانگ کانگ میں اس جان لیوا بیماری کا شکار ہوئے ہیں۔
دوسری جانب چین کی اعلی قیادت نے کورونا وائرس سے نمٹنے میں کوتاہیوں اور خامیوں کا اعتراف کیا ہے۔
چین کے صدر شی جن پنگ کی قیادت میں بنائی گئی کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ جنگلی حیات کی غیر قانونی تجارت کے مسئلے سے نمٹنا ہو گا اور اس پر مستقل طور پر پابندی عائد کرنا ہو گی۔ خدشہ ہے کہ صوبہ ہوبے کے شہر ووہان میں جانوروں کی مارکیٹ سے اس وائرس کی ابتدا ہوئی تھی۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ چین میں حکام کی جانب سے ووہان کو ‘اولین ترجیح’ دی جا رہی ہے اور اضافی طبی عملہ وہاں بھیجا جا رہا ہے۔ چین کا ہر وہ صوبہ جس کی آبادی 30 ملین سے زائد ہے وہاں عوامی مقامات پر چہرے پر ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔