تھائی لینڈ میں فوجی اہلکار کی فائرنگ سے کمانڈر سمیت 21 افراد ہلاک، 31 زخمی

بنکاک (ڈیلی اردو) تھائی لینڈ میں ایک فوجی اہلکار نے فوجی اڈے میں سرکاری رائفل سے پہلے اپنے کمانڈر سمیت 3 اہلکاروں کو قتل کیا پھر فوجی گاڑی چھین کر شاپنگ مال پہنچا اور اندھا دھند فائرنگ کردی۔ جس کے نتیجے میں اب تک 21 سے زائد افراد ہلاک اور 31 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

تھائی لینڈ کے ضلع موآنگ میں ایک اہلکار فوجی اڈے میں اپنے کمانڈر اور 2 ساتھیوں کو قتل کرنے کے بعد فوجی گاڑی میں شہر کے مصروف شاپنگ مال پہنچا اور وہاں بھی اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد ہلاک اور 31 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

وزارتِ دفاع کے ترجمان نے برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کو بتایا کہ 32 برس کے جاکرا فنتھ تھوما نامی جونیئر فوجی اہلکار نے پہلے اپنے افسر پر حملہ کیا اور اس کے بعد ایک فوجی کیمپ، بودھ عبادت گاہ اور ایک شاپنگ سینٹر پر فائرنگ کی۔

وزارتِ دفاع کے ترجمان نے بتایا کہ حملہ آور اب ایک عمارت کے زیرِ زمین حصے میں چھپا ہوا ہے۔ سکیورٹی اہلکاروں نے عمارت کو گھیرے میں لیا ہوا ہے اور لوگوں کو اپنے گھروں میں رہنے کی ہدایت دی ہے۔

جکراپانتھ تھوما نامی اہلکار نے اس پوری کارروائی کو فیس بک پر لائیو نشر بھی کیا جب کہ کارروائی کے بعد فیس بک پر ایک پوسٹ بھی شیئر کی جس میں سرکاری رائفل کیساتھ تصویر شیئر کی اور کیپشن لکھا کہ ’میں بہت تھک گیا ہوں‘۔ فیس بک نے تھوڑی ہی دیر بعد پوسٹ ہٹا دی۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں