افغانستان: قندوز میں طالبان کی قید سے 17 مغوی بازیاب، 4 دہشت گرد گرفتار

کابل (ڈیلی اردو) افغانستان میں ایک آپریشن کے دوران دہشت گرد تنظیم حقانی گروپ کے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ افغان سیکیورٹی فورسز نے شمالی صوبہ قندوز کے خان آباد ضلع میں طالبان کے ایک خفیہ ٹھکانے پر سے 17 مغویوں کو بازیاب کرالیا۔

افغان خصوصی فورسز کی کمانڈ نے پیر کے روز کہا ہے کہ ان دہشت گردوں کو مشرقی صوبہ خوست میں ایک کارروائی کے نتیجے میں گرفتارکیا گیا۔

افغان قومی فوج کی خصوصی آپریشنز کور نے ایک بیان میں کہا ہے کہ خصوصی آپریشنز فورسز نے حقانی نیٹ ورک کے ارکان کو خوست سے گرفتار کیا ہے جبکہ فورسز نے چھاپے کے دوران کچھ ہتھیاروں اور گولہ بارود کوبھی اپنے قبضے میں لیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کی ایک گاؤں میں موجودگی بارے باوثوق خفیہ اطلاعات کے بعد کارروائی کی گئی، کابل سے 150 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع اس صوبہ میں یہ کارروائی ایک بھی گولی چلائے بغیر مکمل کی گئی۔

طالبان سے منسلک گروپ کی حیثیت سے حقانی نیٹ ورک زیادہ تر مشرقی صوبوں اور دارالحکومت کابل میں متحرک ہے جبکہ یہ گروپ سیکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد بڑے حملوں کا ذمہ دار ہے۔ اس نیٹ ورک نے ان حالیہ رپورٹس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا، حقانی نیٹ ورک کو امریکہ نے 2012 میں دہشتگرد گروپ قرار دیا تھا۔

ادھر افغان سیکیورٹی فورسز نے پیر کے روز شمالی صوبہ قندوز کے خان آباد ضلع میں طالبان کے ایک خفیہ ٹھکانے پر سے 17 مغویوں کو بازیاب کر والیا، یہ بات ضلع کی نائب گورنر قدرت اللہ صافی نے کہی ہے۔ اس خصوصی کارروائی کا آغاز شورش زدہ ضلع کے علاقہ سرائے کچلاک میں مقامی وقت کے مطابق رات 2 بجے کیاگیا اور کچھ دیر تک جاری رہنے والے آپریشن کے بعد بعض سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 17 مغویوں کو آزاد کرایا گیا۔

عہدیدار نے بتایا کہ کارروائی کے دوران 2 طالبان دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ طالبان گروپ نے اس رپورٹ پر تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں