لاہور (ڈیلی اردو) بنگلادیش کرکٹ ٹیم نے کراچی میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے سے معذرت کرلی ہے۔ پی سی بی نے بنگلا دیشی بورڈ کو پی ایس ایل کے بعد اپریل میں کراچی میں ہونے والا دوسرا ٹیسٹ میچ ڈے اینڈ نائٹ کھیلنے کی پیشکش کی تھی لیکن مثبت جواب نہیں ملا، بی سی بی کا موقف ہے کہ وہ ڈے اینڈ نائٹ کنڈیشنز میں کھیلنے کی تیاری نہیں رکھتے، اس لیے پنک بال کے بجائے روایتی ٹیسٹ میچ ہی کھیلیں گے۔
پی سی بی کے ترجمان سمیع برنی نے کہا کہ شائقین کی دلچسپی اور میدان میں رونقیں بڑھانے کیلیے کراچی میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کی تجویز پیش کی تھی لیکن بنگلا دیشی ٹیم اس کیلیے تیار نہیں ہے لہٰذا اپریل میں روایتی انداز میں ڈے میچ کھیلا جائے گا۔
خیال رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو ایک اننگز اور 44 رنز سے شکست دی ہے۔
واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد بنگلادیشی ٹیم واپس وطن لوٹ گئی ہے اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے درمیان ایک ون ڈے انٹرنیشنل میچ 3 اپریل کو کراچی میں کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل دوسرا ٹیسٹ میچ 5 سے 9 اپریل تک کراچی میں ہی ہوگا۔