پشاور (مانیٹرنگ ڈسک) پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے سربراہ منظور احمد پشتین پر عائد بغاوت کے دو مزید مقدمات میں ضمانت منظور ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈیر ہ اسماعیل خان کی ایک مقامی عدالت نے ہفتہ کو منظور پشتین کی دو درخواستوں پر سماعت کی۔ منظور احمد پشتین کی جانب سے سید اختر پیش ہوئے۔
عدالت نے دونوں جانب سے دلائل مکمل ہونے کے بعد پی ٹی ایم کے سربراہ کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرنے کا حکم دیا۔
منظور پشتین کی بغاوت کے چار مقدمات میں سے دو مقدمات میں ضمانت پہلے ہی منظور ہو چکی ہے۔
پشتون تحفظ موومنٹ کے سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے اپنے ٹوئٹر پر منظور پشتین کی ضمانت منظور ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے انسانی حقوق کیلئے کام کرنے والے اداروں کا شکریہ ادا کیا۔
Manzoor Pashteen's bail has been confirmed in all cases. I would like to thank all politicians, social media activists, civil society, @hrw, @amnesty and everybody else who raised their voice for his release. Ours is a long struggle for peace and justice #PashtunLongMarch4Manzoor
— Mohsin Dawar (@mjdawar) February 15, 2020
انہوں نے کہا کہ تمام مقدمات میں ان کی ضمانت منظور ہوئی ہے اور پیر تک رہا ہوجائیں گے۔
واضح رہے کہ منظور پشتین کو پشاور کے علاقے شاہین ٹاؤن سے 27 جنوری کو گرفتار کیا گیا تھا اور انہیں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر پشاور کی سینٹرل جیل بھیجا گیا تھا۔
گرفتاری کے اگلے روز پشاور کی عدالت نے منظور پشتین کی راہداری ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں ضلع ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، جہاں وہ اس وقت قید ہیں۔