عراق (ڈیلی اردو) عراق کے دارالحکومت بغداد میں امریکہ کے زیر کمان اتحاد کے فوجی اڈے پر متعدد حملے کئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق سیکورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ دارالحکومت میں امریکی سفارت خانے اور بین الاقوامی اتحاد کے فوجی اڈے کو 8 راکٹوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع نے واضح کیا کہ ان میں سے چار راکٹ جمیلہ اور الطالبیہ کے محلوں کے بیچ واقع علاقے سے داغے گئے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ امریکی سفارت خانے کے اطراف حملے کے چند منٹوں کے بعد ایک دوسرا راکٹ حملہ ہوا۔
دوسری جانب بین الاقوامی اتحاد کے ترجمان نے اتوار کے روز ٹویٹر پر بتایا ہے کہ گرین زون میں ایک عراقی فوجی اڈے کو چھوٹے راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا۔ یہ اڈہ بین الاقوامی اتحاد کی ٹیموں کی میزبانی انجام دیتا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ حملہ اتوار کی صبح مقامی وقت کے مطابق ٹھیک 3:24 پر ہوا۔ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ مزید تفصیلات جاننے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر سے عراق میں امریکی تنصیبات پر یہ 19 واں حملہ ہے۔