ڈی آئی خان (نمائندہ ڈیلی اردو) دہشت گردی کا خطرہ، ہنگامی تھریٹ الرٹ جاری، خیبرپختونخوا کی پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز کو مختاط رہنے اور سکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں ریجن میں دہشت گردانہ حملوں کی تھریٹ الرٹ جاری کردی، اعلیٰ سیکورٹی حکام نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔
ذرائع کے مطابق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے نورولی گروپ کی طرف سے بنوں، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان اور دیگر اضلاع میں پبلک مقامات اور سرکاری املاک پر دہشت گردانہ حملوں کی دھمکی دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مختاط رہنے اور سکیورٹی کو سخت کرنے کی ہدایت کی ہے۔
بنوں میں پولیس فورس کو ہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ کسی بھی قسم کے حملے کو ناکام بنانے، شہریوں کی حفاظت کیلئے چوکس رہیں، ناکہ بندیاں سخت کرکے موبائل وین حرکت میں رکھیں۔
بنوں پولیس کی جانب سے ضلع کے داخلی وخارجی راستوں پر مزید چیک پوئنٹس قائم کئے گئے ہیں جو کہ نقل وحرکت پر کھڑی نظر رکھیں گے۔