اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کروز میزائل رعد ٹو 600 کلومیٹر تک جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس ہے جس میں نیوی گیشن کا بہترین نظام ہے جو اہداف کو بہترین انداز سے نشانہ بنانے کو یقینی بناتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل تجربے کے دوران ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل ندیم زکی، چیئرمین نیسکام ڈاکٹر نبیل حیات ملک سمیت سینئر افسران موجود تھے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹجک پلانز ڈویژن نے سائنسدانوں اور انجینئروں کی تکنیکی صلاحیت، لگن اور عزم کی تعریف کی۔
انہوں نے میزائل کے کامیاب تجربے کو پاکستان کی صلاحیتوں کی تکمیل کی سمت ایک بڑا قدم بھی قرار دیا۔
اس کے علاوہ صدر، وزیراعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو میزائل کے کامیاب تجربے پر مبارکباد دی ہے۔