شنگھائی تعاون تنظیم کے دفاعی اور سیکورٹی ماہرین کے ورکنگ گروپ کا 9واں اجلاس اختتام پذیر

اسلام آباد (ڈیلی اردو) شنگھائی تعاون تنظیم کے دفاع اور سیکورٹی ماہرین کے ورکنگ گروپ کا دو روزہ نواں اجلاس جمعرات کے روز اسلام آباد میں ختم ہوگیا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اجلاس کی میزبانی پاکستان نے کی جو شنگھائی تعاون تنظیم کے دفاع اور سیکورٹی تعاون منصوبے 2020 کا حصہ ہے۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا اجلاس ہے جس کے لئے سات مستقل ارکان اور ایک مبصر ملک سمیت آٹھ ممالک کے وفود نے پاکستان کا دورہ کیا۔

فورم نے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان تعاون اور علاقائی سلامتی کے مختلف پہلوئوں پر غور کیا۔ شرکاء نے مشترکہ تربیتی اور فوجی مشقوں سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر معلومات اور آراء کا بھی تبادلہ کیا۔

چین، روس، قزاخستان، کرغزستان، تاجکستان، ازبکستان اور بھارت نے مستقل رکن ممالک کی حیثیت سے جبکہ بیلا روس نے مبصر ملک کی حیثیت سے اجلاس میں شرکت کی۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں