دوحہ (ڈیلی اردو) افغان طالبان نے کہا ہے کہ امریکا سے معاہدے پر دستخط اس مہینے کے آخر تک متوقع ہیں۔ قطر میں موجود طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ امریکا طالبان معاہدے پر دستخط کا اعلامیہ جلد جاری کیا جائے گا۔
سہیل شاہین کے مطابق دونوں جانب سے معاہدے پر دستخط اس مہینے کے آخر تک متوقع ہیں اور اس سے قبل فریقین پرتشدد کارروائیاں روکنے کے حوالے سے اعلامیہ جاری کریں گے۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں قائم طالبان کے دفتر کے ترجمان سہیل شاہین کا کہنا ہے کہ امریکہ اور طالبان کے درمیان جاری امن مذاکرات کے تحت افغانستان میں فریقین پہلے پرتشدد کارروائیاں روکنے کے حوالے سے ایک اعلامیہ جاری کریں گے اور پھر اس مہینے کے آخر تک امن معاہدے پر دستخط ہوں گے۔
سہیل شاہین نے مزید بتایا کہ انھوں نے پہلے بھی کہا تھا اور آج بھی یہی کہتے ہیں کہ دونوں جانب سے معاہدے پر دستخط اس مہینے کے آخر تک متوقع ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ دستخط اس مہینے کے آخری دو دن جیسے 28 یا 29 فروری ہو سکتے ہیں یا یکم مارچ تک دستخط کیے جا سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ گذشتہ سال ستمبر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طالبان کے ساتھ ایک سال طویل امن مذاکرات کو معطل کرتے ہوئے کہا تھا کہ طالبان سے بات چیت مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے۔