پشاور میں سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، خودکش حملہ آور سمیت 5 دہشت گرد ہلاک

اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک خودکش حملہ آور سمیت پانچ دہشت گرد ہلاک کردیے۔

تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے پشاور میں کارروائی کی جس کے نتیجے میں ایک خودکش حملہ آور سمیت پانچ دہشت گرد ہلاک جبکہ دہشت گردوں سے خودکش جیکٹس، اسلحہ، دستی بم سمیت دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ریگی شگئی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے مشتبہ افراد کی نشاندہی پر کارروائی کی اور 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں سے خودکش جیکٹس، اسلحہ، دستی بم سمیت دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔

ایس ایس پی ظہور آفریدی کے مطابق پولیس کی بھاری نفری اور ایلیٹ فورس کے دستے جائے وقوع پر پہنچے تو مقابلہ شروع ہوگیا جس میں ایک خود کش حملہ اور دیگر 4 دہشت گرد مار ے گئے۔

ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد اور اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے تین عدد خود کش جیکٹ، دو عدد پستول، دو عدد ہینڈ گرینیڈ، شارٹ مشین گن، واکی ٹاکی، دو خنجر عدد، چاقو اور گولیاں بھی برآمد کی گئی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت علاقے کو سیکورٹی فورسز نے چاروں اطراف سے گھیرے میں لے لیا ہے اور آپریشن کلین اپ کے لیے بم ڈسپوزل یونٹ سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو جائے وقوع پر طلب کرلیا گیا ہے۔ جبکہ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں