تہران (ڈیلی اردو) ایران میں کررونا وائرس سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ متاثرین کی تعداد 18 ہوگئی، وائرس سے متاثرہ مریضوں کو ایران کے شہر قُم کے ایک ہسپتال میں الگ تھلگ رکھا گیا ہے جبکہ شہر کے تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کررونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے جبکہ متاثرین کی تعداد بھی بڑھ گئی ہے۔
ایران میں کررونا وائرس سے اب تک 5 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد 18 جبکہ مشتبہ افراد کی تعداد 28 ہوگئی ہے۔ تمام کیسوں کا تعلق ایران کے شہر قُم سے ہے، جہاں کررونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کو ایک ہسپتال میں الگ تھلگ رکھا گیا ہے اور قم میں کررونا وائرس پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر تمام تعلیمی ادارے اور جامعات بند کردی گئی ہیں۔
مدیر روابط عمومی وزارت بهداشت: تاکنون ۵ نفر به دلیل ابتلا به کرونا در کشور فوت کردهاند. طی روزهای گذشته ۲۸ نفر تشخیص قطعی کرونا داشتهایم که عمدتاً در شهر قم ساکن هستند یا سفر به قم داشتهاند.
— خبرگزاری فارس (@FarsNews_Agency) February 22, 2020
ایرانی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ کررونا وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں، وائرس سے فوت ہونے والے مریض عمر رسیدہ تھے جبکہ کررونا وائرس کے سبب کویت نے ایران کے لیے تمام پروازیں معطل کر دیں ہیں۔
دوسری جانب چین میں مزید 109 افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہوگئے، جس کے بعد کررونا وائرس سے اموات کی تعداد 2360 ہوگئی جبکہ 76000 افراد وائرس سے متاثر ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کورونا وائرس پر قابو پانے کے امکانات کم ہوتے جا رہے ہیں، اٹلی میں وائرس سے پہلی ہلاکت سامنے آگئی جبکہ جنوبی کوریا میں وائرس سے متاثرین کی تعداد 346 ہوگئی۔
اٹھائیس ممالک میں اب تک ایک ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ لبنان اور اسرائیل میں ایک ایک کیس رپورٹ ہوا۔