خرطوم (ڈیلی اردو) سوڈان کے وزیر اعظم عبداللہ حمدوک پر قاتلانہ حملہ کیا گیا ہے جس میں خوش قسمتی سے وہ محفوظ رہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سوڈان میں وزیر اعظم عبداللہ حمدوک کے قافلے پر مسلح افراد نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں قافلے میں شامل 2 گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں جب کہ دیگر گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ حملہ آور فرار ہوگئے اور کسی گروپ نے تاحال حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
⛔ معلومات اولية عن تفجر سيارة بالقرب من موكب رئيس الوزراء عبدالله حمدوك في محاولة فاشلة لإغتياله . pic.twitter.com/sXeq371vDl
— 7no (@mohmmed9b1) March 9, 2020
قاتلانہ حملے میں وزیراعظم عبداللہ حمدوک خوش قسمتی سے محفوظ رہے جنہیں سخت سیکیورٹی حصار میں محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ حملہ دارالحکومت خرطوم کو جانے والی شاہراہ پر کیا گیا۔ عبداللہ حمدوک کو 7 ماہ قبل ہی سیاسی بحران کے شکار سوڈان کا عبوری وزیراعظم تعینات کیا گیا تھا۔ وہ ایک ماہر معاشیات ہیں۔
واضح رہے کہ 30 سال تک سوڈان کے صدر رہنے والے عمر البشیر کو طویل عوامی مظاہروں کے بعد گزشتہ برس فوج نے معزول کر کے حراست میں لے لیا تھا تاہم سیاسی بحران پر قابو نہیں پایا جا سکا تھا جس کے خاتمے کے لیے بنائی گئی سلامتی کونسل نے عبد اللہ حمدوک کو عبوری مدت کیلیے ملک کا وزیراعظم مقرر کیا تھا جن کی کابینہ میں 6 شہری اور 5 ملٹری آفیسرز شامل ہیں۔