رام اللہ (ڈیلی اردو) فلسطین میں انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فروری 2020ء کے دوران اسرائیلی فوج نے 95 بچوں اور 11 خواتین سمیت 471 فلسطینیوں کو حراست میں لیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق انسانی حقوق کی تنظیموں حقوق اسیران گروپ، فلسطینی محکمہ امور اسیران، کلب برائے اسیران، الضمیر فائونڈیشن برائے انسانی حقوق اور دوسرے گروپوں کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فرروی میں اسرائیلی فوج نے القدس سے 156 فلسطینیوں کو حراست میں لیا۔ کسی ایک شہر سے گذشتہ ماہ یہ سب سے زیادہ گرفتاریاں ہیں۔ اس کے بعد الخلیل سے 120، رام اللہ سے 49، جنین سے 37، بیت لحم سے 24، نابلس سے 16، طولکرم سے 10، قلقیلیہ سے 25 طوبا سے 2، سفلیت سے 2، اریحا سے 21 اور غزہ سے 9 فلسطینیوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
خیال رہے کہ اسرائیلی زندانوں میں پابند سلاسل فلسطینیوں کی تعداد 5 ہزار سے زاید ہے۔ ان میں 43 خواتین، 180 بچے، 430 انتظامی قیدی شامل ہیں۔