کراچی (ڈیلی اردو) وزیرِ مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ منشیات فروشوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کو نشانِ عبرت بنا دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ مملکت داخلہ شہریار آفریدی نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ہزاروں ٹن منشیات جلائی گئیں، عوامی مسائل اجاگر کرنے پر میڈیا کے شکر گزار ہیں۔
قبل ازیں وزیرِ مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کراچی میں کوسٹ گارڈ کی زیرِ نگرانی منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔
تقریب میں ضبط شدہ منشیات جن کی مالیت 106 ملین ڈالر تھی، کو نذرِ آتش کیا گیا، وزیرِ مملکت نے ڈی جی سجاد سکندر اور ان کی ٹیم کی کوششوں کی تعریف کی اور بہترین کارکردگی کی حامل شخصیات میں انعامات تقسیم کیے۔
وزیرِ مملکت نے کہا کہ قانون کی حکمرانی قائم کرنے، منشیات فروشوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کرنے اور پاکستانی معاشرے کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
دریں اثنا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت سیاسی اتحادیوں کو ساتھ لے کر چل رہی ہے، تحریکِ انصاف الزامات کی سیاست نہیں کرتی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک لوٹنے والے ایک ایک فرد کا حساب ہوگا، قانون سے کوئی بالا تر نہیں ہوگا، ماضی کی غلط پالیسیویں سے ملک قرضوں میں ڈوبا۔