لندن (ڈیلی اردو) کورونا وائرس دنیا کے ایک سو پچیاسی ممالک تک پھیل گیا جبکہ وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 11,419 تک پہنچ گئی۔ متاثرہ افراد کی تعداد 276,698 ہوگئی۔ اٹلی میں کورونا سے ایک ہی دن میں مزید چھ سو ستائیس کی ہلاکتیں۔
کورونا وائرس ہر گزرتے دن کے ساتھ دنیا بھر کے ملکوں میں پھیل رہا ہے۔ کورونا وائرس کی تباہ کاریاں اب 185 ممالک تک پھیل گئیں۔ اٹلی میں تو جیسے موت کا بھیانک کھیل جاری ہے۔ جہاں چوبیس گھنٹے میں مزید چھ سو ستائیس افراد زندگی ہار بیٹھے ہلاکتوں کی تعداد پانچ ہزار نو سو چھیاسی ہو گئی۔ اٹلی کے شہر روم میں تین سو پاکستانی ایئرپورٹ پر پھنس گئے ہیں۔ کورونا فری سرٹیفکیٹ نہ ہونے پر قطر ایئر لائنز کی پرواز پاکستانیوں کو وہیں چھوڑ آئی۔
برطانیہ میں مزید تینتس ہلاکتیں ہونے کے بعد کورونا ایک سو سستر افراد کی جان لے چکا ہے۔ جبکہ چار ہزار افراد اس بیماری کا شکار ہیں۔ برطانوی حکومت نے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تمام کیفے، ریستوران، نائٹ کلب اور تعلیمی ادارے بند کردے ہیں۔
دوسری جانب امریکا میں آٹھ سو دس نئے کوورنا کیسز سامنے آگئے ہیں جبکہ مزید چوبیس ہلاکتوں کے بعد تعداد دو سو اسی کو پہنچ گئی ہے۔ متاثرہ افراد کی تعداد چودہ ہزار سے زائد بتائی جارہی ہے۔ امریکی شہریوں کو بیرون ملک سفر کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ کئی ریاستوں میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا جائے۔ جس کے نتیجے میں بیس فی صد امریکی آبادی کو گھر تک محدود رہنے کا حکم مل جائے گا۔ امریکہ نے میکسیکو اور کینیڈا سے متصل اپنی سرحد کے آرپار غیر ضروری سفر پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔
اطالوی حکام کے مطابق جمعے کے روز اٹلی میں 627 افراد ہلاک ہوئے جب کہ اسپین، فرانس اور جرمنی کو ملا کر صرف یورپ میں اموات کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
اٹلی میں متاثرہ افراد کی تعداد 47 ہزار 21 ہوگئی ہے اور سوشل میڈیا پر اطالوی فوجی ٹرکوں کی تصاویر بہت تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں جن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ اٹلی میں قبرستان میں دفنانے کے لیے جگہ ختم ہونے کے بعد لاشوں کو فوجی ٹرکوں میں لاد کر لے جایا جا رہا ہے۔
Italy has recorded 627 deaths from the coronavirus today – the highest number yet of deaths in one day since the start of the outbreak in December in China #Covid19InSA pic.twitter.com/02aM4bA07d
— Ice-t Piliso © (@Ice_tPiliso) March 20, 2020
چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 43 نئے کیسز اور 7 اموات رپورٹ ہوئیں لیکن مسلسل تیسرے روز ایک بھی کیس وبا کے مرکز ووہان سے رپورٹ نہیں ہوا۔
چین میں کورونا وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 255 اور کیسز 81 ہزار 8 ہو گئے ہیں، لیکن 71 ہزار 740 افراد صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔
امریکا اور جنوبی کوریا میں 8، 8 جب کہ سنگاپور میں بھی دو نئی ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جب کہ ایران میں اموات کی تعداد ایک ہزار 433 تک پہنچ گئی ہے۔
نیوزی لینڈ میں وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں پہلی بار کورونا وائرس مقامی سطح پر پھیل رہا ہے جب کہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسنڈا آرڈرن نے 70 سال سے زائد عمر کے افراد سے گھروں پر رہنے کی اپیل کی ہے۔
اسپین میں بھی ہلاکتیں ایک ہزار سے زیادہ ہو گئی ہیں جب کہ متحدہ عرب امارات میں بھی دو ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔
کورونا وائرس سے ایران میں چودہ سو تینتس، جرمنی میں اڑسٹھ، ترکی میں نو اور چین میں کورونا سے مزید سات افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ اسپین میں دو سو باسٹھ ہلاکتوں کے بعد اموات ایک ہزار ترانوے ہو گئی۔ فرانس میں ساڑھے چار سو اور جرمنی میں اڑسٹھ افراد کو کورونا نے نگل لیا ہے۔