بیجنگ (ڈیلی اردو/اے پی پی) چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گنگ شوانگ نے کہا کہ حکومت نے کورونا وائرسکا مقابلہ کرنے کیلئے 82 ممالک، عالمی ادارہ صحت اور افریقی یونین کو مدد فراہم کی ہے۔
گنگ شوانگ نے کہا کہ چین کی طرف سے ٹیسٹ کٹس، ماسک، حفاظتی ملبوسات سمیت امدادی سامان کی کافی امداد پہنچائی گئی ہیں۔ طبی ٹیکنالوجی کے حوالے سے چین دنیا کے مختلف ممالک کے ساتھ علاج معالجہ کے طریقہ کار کا اشتراک کررہا ہے، طبی ماہرین کے ویڈیو اجلاس کا انعقاد کر رہا ہے اور ایران، عراق اور اٹلی میں طبی ماہرین کی ٹیمیں بھی بھیجی ہیں۔ اس کے علاوہ بلدیاتی حکومت کی سطح پر تعاون کے سلسلے میں چین کی متعدد بلدیاتی حکومتوں نے جنوبی کوریا، جاپان اور اٹلی کے متعدد شہروں کو سازوسامان اورامدادی رقوم عطیہ کی ہیں، عوامی سطح پر بھی چین کے صنعتی و کاروباری اداروں اور عوامی اداروں کی بڑی تعداد نے متعلقہ ممالک کو عطیات کی فراہمی شروع کی ہے۔
گنگ شوانگ نے کہا کہ جنوبی کوریا، پاکستان اور اٹلی سمیت عالمی برادری نے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد مشکل وقت میں چین کی مدد کی ہے، وہاں وباء ظاہر ہونے پر چین نے بھی ان تینوں ممالک کو امدادی سازوسامان بھیجا ہے۔
انہوں کہا کہ مشکل کی گھڑی میں عالمی برادری کی جانب سے سازو سامان کے عطیات اور سیاسی حمایت کو چین کبھی فراموش نہیں کرے گا،یہ چینی عوام اور دنیا کے عوام کا مل کر بنی نوع انسان کے مساوی معاشرے کی تشکیل کی خواہش کا مظہر ہے۔