ابوجا (ڈیلی اردو) افریقی ملک نائیجیریا میں دہشت گرد تنظیم بوکو حرام نے فوجی قافلے پر حملے کر کے 92 اہلکاروں کو ہلاک کر دیا جبکہ متعدد کو اغواء کر کے ساتھ لے گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق فوجیوں کا یہ قافلہ برونو سے گورگی سے جا رہا تھا، کہ راستے میں بوکو حرام کے درجنوں دہشت گردوں نے حملہ کر کے 92 فوجی ہلاک کر دیئے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ فوجی قافلے پر راکٹ لانچر اور بھاری اسلحہ کے ذریعہ حملہ کیا گیا۔ حملے میں فوج کے 24 گاڑیوں کو بھی تباہ کیا گیا۔
ایک فوجی افسر نے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ بہت بڑا نقصان ہے، 92 اہلکار فوجی ہلاک ہونے کی تصدیق کرتا ہوں، دہشتگردوں نے گھات لگا کر حملہ کیا، دہشتگردوں نے ٹرکوں پر حملہ کیا۔ ہلاک ہونے والوں کی لاشیں مقامی ہسپتال پہنچا دی گئی ہیں، آپریشن تاحال جاری ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق دوسرے فوجی افسر کا کہنا ہے کہ اس حملے کے دوران متعدد فوجی زخمی ہوئے ہیں جبکہ کچھ فوجیوں کو دہشتگردوں نے اغواء کر لیا ہے۔