شمالی وزیرستان: میر علی میں پولیس گاڑی کے قریب دھماکا، ایک اہلکار شدید زخمی

میران شاہ (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے بازار میر علی میں پولیس گاڑی کے قریب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں ایک اہلکار شدید زخمی ہو گیا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

میرانشاہ کا میر علی بازار اس وقت زور دار دھماکے سے گونج اٹھا جب ایک گاڑی میں نصب بم پھٹ گیا۔ قریب موجود میرعلی تھانے کا محرر رحیم نواز شدید زخمی ہو گیا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کیلئے دہشت گردوں نے ریموٹ کنٹرول بم استعمال کیا۔

سکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرنے شروع کر دیئے جبکہ علاقے کی مکمل ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی۔

میران شاہ میں ہونے والے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ یا تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل میر علی میں نامعلوم نقاب پوشوں نے دو کمسن بچوں کو کالے شیشوں والی گاڑی میں اغوا کرنے کی کوشش کی۔ مگر وہاں پر موجود لوگوں نے اغوا کارروں کو پکڑ لیا جس کو بعد ازاں سیکیورٹی فورسز نے اپنی تحویل میں لے لیا

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں