سعودی حکومت نے حرم شریف میں مطاف کے حصے میں کم لوگوں کو طواف کی اجازت دیدی

مکہ مکرمہ (ویب ڈیسک) حرم شریف میں مطاف کے حصے میں طواف کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دے دی گئی۔

حرم شریف میں مطاف کے حصے میں طواف کے سلسلے کو دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی گئی ہے جب کہ اس دوران کم لوگوں کا اجتماع ہی طواف کر سکے گا۔

طواف کے دوران خانہ کعبہ کے گرد حفاظتی ڈھانچہ کھڑا کیا گیا ہے اور زائرین کو کعبہ کے قریب جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے سعودی حکومت نے 23 مارچ سے 21 روز کے لیے جزوی کرفیو کا اعلان کر رکھا ہے۔ اس سے قبل حفاظتی اقدامات کے تحت تمام مساجد بشمول مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کے اندرونی اور بیرونی حصے میں پنجگانہ نماز اور نماز جمعہ کی ادائیگی پر مکمل پابندی عائد کی جاچکی ہے۔سعودی حکام نے اس سے قبل وائرس سے بچاؤ کے لیے خانہ کعبہ کے اطراف اسپرے کے لیے مطاف خالی کرایا تھا اور طواف کے عمل کو روک دیا گیا تھا جب کہ بعد میں مطاف کو زائرین کے لیے کھولا گیا تو انہیں کعبہ کے قریب جانے کی اجازت نہیں دی گئی اور اس کے گرد حفاظتی ڈھانچہ لگایا گیا۔

حکومت نے گذشتہ ہفتے مملکت کے 13 صوبوں میں شہریوں اور مکینوں پر سفری پابندی عاید کردی تھی۔ جدہ سے پہلے 23 مارچ کو مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور دارالحکومت الریاض میں سہ پہر تین بجے سے صبح چھے بجے تک کرفیو نافذ کردیا گیا تھا۔ اس کے تحت ان شہروں سے خروج یا ان میں دخول پر پابندی عاید ہے۔

سعودی عرب نے اتوار کو کررونا وائرس سے چار مزید مریضوں کی موت کی تصدیق کی تھی اور سوموار کو 154 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے۔ سعودی عرب میں اب تک اس مہلک وائرس کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد 1453 ہوچکی ہے۔ جبکہ وائرس سے 18 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق کی جا چکی ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں