پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 5 افراد جاں بحق، تعداد 40 ہوگئی، 2689 متاثر

اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 40 تک جاپہنچی ہے جب کہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2689 ہوگئی ہے۔ پاکستان میں اب تک کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں میں سب سے زیادہ 14 ہلاکتیں سندھ میں ہوئی ہیں جب کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 11،11، گلگت میں 3 اور بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

جمعہ کو ملک بھر سے 5 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جو سندھ اور خیبرپختونخوا میں ہوئیں، سندھ میں 3 ہلاکتیں کراچی اور ایک حیدرآباد میں ہوئی جب کہ کے پی میں سوات اور مانسہرہ کے رہائشی 65 اور 45 سالہ مریض مہلک وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔

آج بروز ہفتہ ملک بھر میں اب تک کورونا وائرس کے 106 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں سے پنجاب میں 57، سندھ 47 اور آزاد کشمیر سے 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

آج بروز ہفتہ پنجاب میں اب تک کورونا وائرس کے مزید 57 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 1069 ہوگئی ہے جس کی تصدیق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی جانب سے کی گئی ہے۔ صوبے میں اب تک کورونا سے 11 افراد جاں بحق بھی ہوچکے ہیں۔

سندھ میں آج بروز ہفتہ کورونا وائرس کے اب تک مزید 47 کیسز سامنے آچکے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 830 ہوگئی ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 14 ہے جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی۔

آزاد کشمیر میں آج بروز ہفتہ کورونا وائرس کے مزید 2 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے، نئے کیسز کے بعد علاقے میں مجموعی تعداد 11 ہوگئی ہے۔

صوبے میں جمعہ کے روز کورونا سے مزید 2 افراد کی ہلاکت ہوئی جس کے بعد کے پی میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوگئی۔

صوبائی وزارت صحت کے مطابق سوات اور مانسہرہ کے رہائشی 65 اور 45 سالہ مریض مہلک وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔ جب کہ صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 343 ہے۔

بلوچستان میں جمعہ کو کورونا وائرس کے مزید کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 175 ہوگئی۔ جمعہ کو اسلام آباد میں کورونا وائرس کےمزید 6 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے۔ پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں کیسز کی مجموعی تعداد 68 ہوگئی ہے۔

بروز جمعہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 6 کیسز سامنے آئے جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 193 ہوگئی ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 11 لاکھ 78 ہزار جب کہ ہلاک افراد کی تعداد 59 ہزار 203 ہو گئی ہے۔ کورونا سے متاثرہ 2 لاکھ 28 ہزار 990 سے زائد افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں