افغانستان سے پاکستانی داعش سربراہ عبداللہ اورکزئی درجنوں ساتھیوں سمیت گرفتار

اسلام آباد (ش ح ط) افغانستان میں افغان خفیہ ایجنسی این ڈی ایس نے دو درجن پاکستانیوں سمیت داعش سے تعلق رکھنے والے متعدد دہشت گردوں کو پکڑنے کی تصدیق کی ہے۔ ان افراد کو داعش کے خلاف پاکستانی سرحد کے قریب جاری ایک آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کے خراسان کے لئے سربراہ عبداللہ اورکزئی المعروف اسلم فاروقی کو افغانستان کے صوبے ننگرہار سے افغان خفیہ ادارے این ڈی ایس کے اسپیشل یونٹ نے ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔

میڈیا کو جاری کردہ بیان میں افغان حکام کے مطابق پاکستانی شہری عبداللہ اورکزئی المعروف اسلم فاروقی کو اس کے دو درجن کے قریب ساتھیوں سمیت گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ہونے والوں میں سیف اللہ اور قاری زاہد عرف ابو طلحہ بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ داعش کے خلاف افغان فورسز کی کارروائیوں میں تیزی کابل میں سکھوں کے عبادت گاہ پہ حملے کے بعد  آئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق افغانستان کے جنوبی صوبے ننگرہار میں بھی داعش کے متعدد افراد کو افغان خفیہ ادارے نے ان کے اہل خانہ سمیت گرفتار کرلیا ہے۔

یاد رہے کہ 22 دسمبر 2019 کو افغان فورسز نے داعش سے منسلک 700 پاکستانی دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا تھا۔ ان کے ساتھ ان کی 17 بیویوں اور 159بچوں کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں