اسلام آباد (ویب ڈیسک) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان دورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم ہاؤس میں قیام کریں گے جس کی تزئین وآرائش کا کام جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان 17 فروری کی سہ پہر پاکستان آئیں گے، وزیراعظم عمران خان ایئر پورٹ پر سعودی ولی عہد کا استقبال کریں گے جب کہ سعودی ولی عہد وزیراعظم ہاؤس میں قیام کریں گے، وزیراعظم ہاؤس کی تزئین وآرائش کا کام بھی جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد آئل ریفائنری سمیت مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کریں گے، سعودی ولی عہد کے ہمراہ ایک ہزار سے زائد شخصیات بھی پاکستان آرہی ہیں، ان شخصیات کے قیام کے لیے اسلام آباد کے دونوں بڑے ہوٹل اور پنجاب ہاؤس کو مختص کیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق سعودی ولی عہد کے ہمراہ اعلیٰ سطح کے وفود بھی پاکستان آرہے ہیں، اعلیٰ سطح کے وفود پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گے، پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اہم کردار اداکررہے ہیں، سعودی ولی عہد کی پاکستان آمد پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد کے ہمراہ آنے والے وفود کی سیکیورٹی کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جارہے ہیں جب کہ وزارت داخلہ، وزارت خارجہ تمام سیکیورٹی امور کو دیکھ رہے ہیں۔