بیجنگ (ڈیلی اردو) دنیا بھر کے 200 سے زائد ممالک کو اپنی لپیٹ میں لینے والی وبا کورونا وائرس کے مرکز چین سے پہلی بار گزشتہ 3 ماہ میں کوئی بھی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں چین میں کورونا وائرس کے مزید 32 کیس سامنے آئے ہیں تاہم اس سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ پہلا موقع ہے جب چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن نے جنوری میں اپنے اعداد و شمار شائع کرنے کے بعد سے کسی نئی ہلاکت کی اطلاع نہیں دی ہے۔
چین میں اب تک کورونا وائرس کے 81740 کیسز سامنے آ چکے ہیں جبکہ اس سے ہونے والی اموات کی کل تعداد 3300 ہے۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس کا آغاز دسمبر 2019 میں چینی صوبے ہوبے کے شہر ووہان سے ہوا تھا اور چینی حکومت نے جنوری 2020 میں ہلاکتوں کی تعداد فراہم کرنا شروع کی تھی۔
دیکھتے ہی دیکھتے چین میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل گیا تھا اور ابتدائی 6 ہفتوں کے دوران وہاں مریضوں کی تعداد 70 ہزار سے تجاوز کر گئی تھی جب کہ ہلاکتوں میں بھی مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا تھا۔
کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے چینی حکومت نے ووہان میں 16 عارضی ہسپتال بنانے سمیت ملک کے دیگر صوبوں میں بھی عارضی ہسپتال بنائے تھے جب کہ متعدد شہروں میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے سمیت لوگوں کو گھروں تک محدود کردیا تھا۔
چین نے عوامی و تفریحی مقامات کو بند کرکے دیگر ممالک سے ملنے والی اپنی زمینی سرحدیں بھی بند کردی تھیں جب کہ فضائی آپریشن کو بھی محدود کردیا تھا۔
حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے سخت اقدامات کی وجہ سے ہی مارچ 2020 کے آغاز میں چین نے کورونا وائرس پر قابو پالیا تھا اور پہلی بار مارچ کے وسط میں وبا کے مرکز ووہان سے کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا تھا۔
کورونا وائرس پر قابو پانے کے بعد چینی حکومت نے عارضی طور پر بنائے گئے ہسپتال بھی بند کردیے تھے اور مارچ کے وسط تک ووہان سے لاک ڈاؤن کو ہٹانے کا آغاز کرتے ہوئے سینما ہالز و تفریحی مقامات کھولنا شروع کیے تھے۔
مارچ کے آخری ہفتے میں چین میں معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہوئی تھیں اور اب وہاں جزوی طور پر تفریحی و عوامی مقامات کو کھولا جا چکا ہےجب کہ فضائی آپریشن بحال کرنے سمیت ٹرانسپورٹ کو بھی چلانے کی اجازت دی جا چکی ہے۔
7 اپریل تک چین میں کورونا وائرس سے متاثر افراد کی مجموعی تعداد 82 ہزار سے کچھ زیادہ تھی جس میں 78 ہزار سے زائد افراد مکمل طور پر صحت یاب جب کہ 3300 کے قریب ہلاک ہو چکے تھے۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں اب تک کورونا وائرس کے باعث 13 لاکھ 49 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہو چکے ہیں جس میں سے 74 ہزار 816 افراد ہلاک اور 2 لاکھ 86 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔