عراق میں پھنسے 136 پاکستانی شہری وطن واپس پہنچ گئے

اسلام آباد (ڈیلی اردو) قومی ایئرلائن پی آئی اے کا خصوصی طیارہ عراق میں پھنسے پاکستانیوں کو لے کر اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔

قومی ایئرلائن پی آئی اے کا خصوصی طیارہ پی کے 9814 عراق میں پھنسے 136 پاکستانیوں کو لے کر اسلام آباد پہنچ گیا۔

ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم نے مسافروں کا طبی معائنہ اور سکریننگ کی۔ 135 مسافروں اور 11 کریو ممبر کو مختص ہوٹلوں کے قرنطینہ منتقل کردیا گیا جب کہ بلال نامی مسافر کو جسم کا درجہ حرارت زیادہ ہونے پر پمز ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق مسافروں اور پی آئی اے کریو کے خون کے نمونے ہوٹل میں لیے جائیں گے۔ کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آنے والے مریضوں کو گھر جانے کی اجازت دی جائے گی۔

عراق کے مختلف شہروں سے 136 پاکستانی بغداد میں جمع ہوئے جن کو خصوصی پرواز سے پاکستان لایا گیا۔

خیال رہے کہ حکومت پاکستان نے دنیا بھر سے پاکستانیوں کو واپس لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلی ترجیح ٹرانزٹ میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانا ہے۔ دوسری ترجیح وہ پاکستانی ہیں جنکے ویزہ ایکسپائر ہو چکے ہیں۔ تیسری ترجیح بیرون ملک مقیم پاکستانی اور زیر تعلیم طلبہ کو واپس لانا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں