فرانسیسی جنگی بیڑے چارلس ڈیگال پر کورونا وائرس کا حملہ، 40 اہلکار متاثر، 3 حالت تشویشناک

پیرس (ڈیلی اردو) فرانسیسی طیارہ بردار جہاز چارلس ڈیگال کے عملے میں کورونا وائرس پھیل گیا ہے۔ فرانسیسی حکام کے مطابق عملے کے 40 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔ جبکہ تین افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق فرانسیسی طیارہ برادر جہاز کے تین ملاحوں کو تشویشناک حالت میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے قریبی شہر کے ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے جبکہ طیارہ بردار جہازکے دیگر عملے کا ٹیسٹ لینے کا عمل جاری ہے۔

فرانسیسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جہاز میں فوجی اہلکاروں اور عملے کے ارکان سمیت 1760 افراد موجود ہیں، جن کو آئی سی یو سمیت تمام طبی سہولیات جہاز کے اندر ہی میسر ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل امریکا کے بحری بیڑے روزویلٹ کے کپتان نے محکمۂ دفاع پینٹاگون کو لکھے گئے خط میں تشویش کا اظہار کیا ہے کہ کورونا وائرس سے بیڑے پر موجود اہلکاروں کی زندگیوں کو خطرہ ہے اس لیے فوری طور پر مدد کی جائے۔

جس کے بعد امریکی بحریہ جوہری ہتھیاروں سے لیس روزویلٹ نامی بحری بیڑے سے ہزاروں اہلکاروں کو نکالنے کا کام شروع کیا گیا ۔ جبکہ سو سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی ۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق روزویلٹ نامی بحری بیڑہ امریکا کے زیرِ انتظام جزیرے گوام کے قریب موجود ہے۔ امریکی بحریہ کے مطابق بیڑے پر 4800 افراد کا عملہ تعینات تھا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق اب تک بیڑے سے ایک ہزار اہلکاروں کو نکالا جا چکا ہے جن میں سے 93 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

پیٹاگون کے حکام کا کہنا ہے کہ روزویلٹ کے عملے کے لیے فوری طور پر ہوٹلوں میں کمروں کا انتظام کر رہے ہیں جبکہ کچھ صحت مند اہلکاروں کو بیڑے پر ہی تعینات رکھا جائے گا تاکہ وہ معمول کے کام جاری رکھ سکیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں