نیلم ویلی: بھارتی گولہ باری سے 4 سالہ بچہ شہید، متعدد زخمی

اسلام آباد (ش ح ط) لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نیلم ویلی کے مقام  پر بھارتی فوج کی گولہ باری سے ایک بچہ شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے

وادی نیلم میں کنٹرول لائن کے نیلم ویلی سے بھارتی فوج نے ایک بار پھر آزاد کشمیر کی سول آبادی پر گولہ باری کی۔

ایل او سی کے  نیلم ویلی کے مقام پر محمد یوسف میر کا 4 سالہ بیٹا گھر پر مارٹر گولہ لگنے سے شہید ہوگیا۔

ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ضلع نیلم نے بھارتی گولہ سے 4 سالہ بچے حسنین میر کے شہید ہونے جبکہ 4 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

جبکہ عباسپور کے گاوں پولس میں بھارتی گولہ باری سے 13 سالہ بچہ محمد افضال علی ولد محمد معروف شدید زخمی ہو گیا۔ ‏جبکہ لائن آف کنٹرول عباسپور سیکٹر تروٹی میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے افضال نامی نوجوان شدید زخمی ہو گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق پاک فوج کی جانب سے بلا اشتعال بھارتی گولہ باری کے خلاف جوابی کارروائی کی جا رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ نیلم ویلی، لیپہ ویلی، عباسپور، پونچھ سیکٹر اور کوٹلی سیکٹر سمیت وادی نیلم کے مختلف علاقوں میں بھارتی افواج کی جانب سے شدید فائرنگ و گولہ باری جاری ہے۔

بھارتی فائرنگ اور گولہ باری سے علاقے میں مواصلات اور بجلی کا نظام معطل ہوگیا ہے۔ عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے گزشتہ رات بلااشتعال فائرنگ کی، چری کوٹ سیکٹر میں آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں سریاں گاؤں کا 35 سالہ رہائشی زخمی ہو گیا۔

دوسری جانب شکر گڑھ سیکٹر کے نواحی گاؤں ننگیال کا 57 سالہ رہائشی بھی بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہوا، دونوں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دو روز قبل بھارتی فورسز نے جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں چھری اور بسن والی گاؤں کی 15 سالہ بچی سمیت 4 شہری زخمی ہوگئے۔

واضح رہے کہ پاک فوج نے چند روز قبل کنٹرول لائن پر بھارتی ڈرون مار گرایا تھا، بھارتی فوج کا کواڈ کاپٹر پاکستانی حدود کے 600 میٹر اندر گھس آیا تھا جس پر پاک فوج نے کارروائی کی۔

ادھر بھارتی صحافی اشرف وانی کے مطابق پاکستانی فورسز کی گولہ باری سے مقبوضہ کشمیر کے علاقےکپوراہ میں دو بچے شہید اور تین افراد زخمی ہوگئے ہیں

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں