اسلام آباد (ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک فوجی اہلکار شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی نقل و حمل کو دیکھا اور کوئیک ری ایکشن فورس نے جیسے ہی علاقے کا محاصرہ کیا دہشت گردوں نے فائرنگ کردی۔ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے قبائلی ضلع خیبر کے علاقے جمرود سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ لانس نائیک ارشاد خان نے جام شہادت نوش کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے شمالی وزیرستان میں ایک بار پھر دہشت گردوں کی نقل و حمل دیکھی جارہی ہے۔
14 اپریل کو بھی قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں ایک کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے تھے۔ جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے تبادلے میں نائیک عادل شہزاد نے جام شہادت نوش کیا تھا۔ عادل شہزاد کا تعلق ضلع مانسہرہ کے گاؤں کریڑ کا رہائشی تھا۔
چار روز قبل شمالی وزیرستان میں تحصیل میر علی کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں 2 سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 7 دہشت گرد مارے گئے تھے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ ذکر خیل کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز اور ایک دہشت گرد گروہ کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس حوالے ایک عہدیدار نے بتایا کہ 3 سے 4 عسکریت پسند زخمی بھی ہوئے ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ اس وقت شروع ہوئی جب سیکیورٹی فورسز علاقے میں پیٹرولنگ کر رہی تھیں۔
8 اپریل کو بھی سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع شمالی وزیرستان اور مہمند میں کارروائی کر کے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔ جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 سپاہی شہید ہو گئے تھے۔ 23 سالہ شہید مومن شاہ کا تعلق ڈی آئی خان سے تھا اور 31 سالہ سپاہی محمد شاہ کا تعلق ایبٹ آباد سے تھا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے 24 گھنٹوں کے دوران شمالی وزیرستان اور مہمند میں خفیہ اطلاعات پر دو الگ الگ آپریشنز کیے۔
اس سے قبل 18 مارچ کو خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے ایک افسر سمیت 4 جوان شہید ہوگئے تھے جبکہ 7 دہشت گردوں کو بھی مار دیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ پاک فوج جہاں بیرونی دشمنوں سے ملک کو بچانے کیلئے سرحدوں پر اپنے فرائض انجام دے رہی ہے تو وہیں اس کے سیکڑوں جوان ملک کی حفاظت کرتے ہوئے دہشت گردی کا شکار ہو کر شہید ہو چکے ہیں۔