کورونا وائرس: پاکستان میں ایک ہی دن میں 17 اموات، تعداد 129 ہوگئی

اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان میں کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث آج ایک دن میں سب سے زیادہ 17 اموات سامنے آئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک آج مزید 17 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 129 ہوگئی جب کہ 561 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 6861 تک پہنچ گئی۔

ملک میں ہونے والی 129 ہلاکتوں میں سے سب سے زیادہ سندھ میں 46 اور خیبرپختونخوا میں 42 ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب میں 34 ، بلوچستان میں 3، گلگت 3 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔

آج اب تک سندھ میں 340 کیسز 5 ہلاکتیں، پنجاب 216 کیسز اور 6 ہلاکتیں جبکہ خیبرپختونخوا میں 47 نئے کیسز اور 4 اموات سامنے آئیں جب کہ اسلام آباد سے مزید 5 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

صوبے میں 340 نئے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ 6 اموات بھی ہوئی ہیں۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں 16 افراد صحتیاب ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں یہ تعداد 576 ہو گئی ہے۔

گذشتہ روز وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایک پریس کانفرنس میں انکشاف کیا تھا کہ ان کے صوبے میں اصل اموات مصدقہ اموات سے زیادہ ہیں۔

پنجاب میں آج اب تک کورونا وائرس کے مزید 216 کیسز سامنے آئے ہیں اور 6 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جس کی تصدیق پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے کی گئی ہے۔

صوبے میں نئے کیسز اور ہلاکتوں کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3232 اور ہلاکتیں 34 ہوگئی ہیں۔

پنجاب میں اب تک اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے تاہم صوبے میں ٹیسٹ بھی سب سے زیادہ کیے گئے ہیں۔

اب تک صوبے میں 701 زائرین، 1236 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 91 قیدیوں، 1204 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

خیبرپختونخوا میں بدھ کو 47 نئے کیسز اور 4 اموات سامنے آئیں جس کے بعد کل ہلاکتوں کی تعداد 42 ہوگئی جب کیسز کی مجموعی تعداد 912 ہوگئی۔

بلوچستان میں آج بروز جمعرات اب تک کورونا کے مزید 5 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 285 ہوگئی ہے جب کہ اب تک 3 افراد وائرس سے جاں بحق ہوئے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت سے آج کورونا کے مزید 5 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔

اسلام آباد میں نئے کیسز کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 145 ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر سے بدھ کو کورونا کے مزید 3 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔

پورٹل کے مطابق علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 46 ہوگئی ہے تاہم اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 24 مارچ سے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔

گلگت بلتستان میں بدھ کو کورونا کے مزید 3 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 237 ہو گئی۔

دو نئے کیسز استور اور ایک نگر میں سامنے آیا جبکہ گلگت بلتستان میں زیر علاج مریضوں کی تعداد صرف 56 رہ گئی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق 26 فروری 2020 کو کی گئی تھی جبکہ پہلی ہلاکت 18 مارچ کو سامنے آئے تھی۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 20 لاکھ 88 ہزار 668 اور اموات ایک لاکھ 34 ہزار 755 ہوچکی ہیں جب کہ 5 لاکھ 16 ہزار سے زائد افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں