جنوبی وزیرستان میں بھائی کا بھائی کے گھر پر دستی بم سے حملہ، دو جاں بحق، 3 شدید زخمی

وانا (دین محمد وزیر) خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کی تحصیل وانا کے علاقے کڑیکوٹ میں ایک بھائی نے دوسرے بھائی کے گھر پر دستی بم پھینک دیا جس کے نتیجے میں دو بھائی جاں بحق اور تین بچے شدید زخمی ہوگئے۔

مقامی ذرائع کے مطابق وانا کے علاقہ کڑیکوٹ میں ایک بھائی سعید خان نے اپنے بھائی کے گھر پر ہینڈ گرنیڈ پھینکا جس کے نتیجے میں عبداللہ اور منور جان موقع پر جاں بحق ہوگئے اور تین بچے شدید زخمی ہوگئے جنہیں علاج کیلئے ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا منتقل کردیا گیا۔ جان بحق ہونے والے دونوں سعید خان کے بھائی تھے۔

مقامی ذرائع کے مطابق سعید خان کا اپنے بھائیوں سے کسی بات پر جھگڑا چل رہا تھا اور آج طیش میں آکر اپنے بھائیوں کے گھر پر ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کیا۔ حملے کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں