غزہ (ڈیلی اردو) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کی گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران 6 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج نے کرونا لاک ڈائون کے باوجود فلسطینی شہریوں کے گھروں پر چھاپہ مار کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ قابض فوج نے القدس میں العیسویہ کے مقام پر تلاشی کے دوران سابق اسیر امیر محمود، راس العامود سے محمد احمد ابو ناب، بیت لحم کے علاقے تقوع سے 22 سالہ موسیٰ محمد العمور، بیت ھوا سے بشیر سلامہ الحروب، محمد دائود الحروب اور محمد وایل الحروب کو حراست میں لیا۔
اُدھر غرب اردن کے شمالی شہر طولکرم میں بھی فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فورسز کے درمیان تصادم اور تشدد کی اطلاعات ہیں۔
واضح رہے کہ صیہون فوج کی جانب سے گرفتاری کے حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئی اور نا ہی الزامات کے حوالے سے بتایا گیا۔
ادھر اسرائیلی حکام نے اسیر مجد محمود عجوری کو گذشتہ روز اس کی مدت حراست مکمل ہونے کے بعد جیل سے رہا کیا۔
قبل ازیں اسرائیلی فوج نے اسیر محمد طہ فنون، ضیا محمد زغلول اور ھشام الطیطی کو رہا کیا۔