کورونا وائرس: صدر ٹرمپ نے امریکا امیگریشن 60 روز کیلئے معطل کردی

واشنگٹن (ڈیلی اردو) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ساٹھ روز کے لیے امریکا میں امیگریشن معطل کرتے ہوئے کہا کہ وائرس سے متاثر ہونے والوں کی نوکریاں امیگرینٹس کو ملنا ناانصافی ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں امریکا سر فہرست ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 45 ہزار سے زائد ہوگئی ہوچکی ہے، امریکی صدر کی جانب سے روزانہ ہونے والی سیکڑوں ہلاکتوں کے باوجود مسلسل ملک کو دوبارہ کھولنے کے بیانات آرہے ہیں۔

حالیہ بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میری ترجیح امریکیوں کی نوکریوں کو محفوظ بنانا ہے، وائرس سے متاثر ہونے والوں کی نوکریاں امیگرینٹس کو ملنا ناانصافی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے امریکی ملازمین کو محفوظ کرنا ہے اسی لیے امریکا میں امیگریشن 60 روز کیلیے معطل کی جارہی ہے، ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ابھی امیگرینٹس کے معاملے پر بحث کرنے کا وقت نہیں ہے۔

صدر ٹرمپ نے وائرس متاثرین کے لیے وینٹی لیٹر سے متعلق بتایا کہ جنرل موٹرز، فورڈ اضافی وینٹی لیٹرز تیار کررہے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس وقت ہمیں دنیا کی بہترین معیشت بند کرنا پڑی، وائرس سے امریکا میں اموات کی شرح میں کمی آرہی ہے اسی لیے 20 امریکی ریاستوں نے کاروبار کھولنے کی تیاری کرلی ہے۔

صدر ٹرمپ نے امریکی کاروباریوں اور ملازمین کیلئے اضافی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ کانگریس کیساتھ اضافی 482 ارب ڈالرز فنڈنگ پر مذاکرات کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ اس وقت 8 لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس کے باعث مریض ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 45 ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں