اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے سربراہ اسلامی فوجی اتحاد جنرل (ر) راحیل شریف سے ملاقات کی ، ملاقات میں سعودی ولی عہد شاہ سلمان کے دورہ پاکستان سے متعلق معاملات پر گفتگو کی گئی اور راحیل شریف نے دہشت گردی کے خلاف اسلامی فوجی اتحاد کے کردار سے بھی آگاہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی اسلامی فوجی اتحاد جنرل(ر) راحیل شریف سے ملاقات ہوئی، سابق آرمی چیف کی ملاقات وزیراعظم آفس میں ہوئی، ملاقات میں سعودی ولی عہد شاہ سلمان کے دورہ پاکستان سے متعلق معاملات پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں اسلامی فوجی اتحاد میں پاکستان کے مضبوط کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور ملکی، علاقائی اور عالمی امن واستحکام پر بھی بات چیت ہوئی۔
اسلامی فوجی اتحادجنرل(ر)راحیل شریف نے وزیراعظم کو دہشت گردی کے خلاف اسلامی فوجی اتحاد کے کردار سے بھی آگاہ کیا۔
اس سے قبل اسلامی فوجی اتحاد کےسربراہ جنرل (ر) راحیل شریف نے نے پارلیمنٹ ہاوس کا دورہ کیا اور چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے ملاقات کی تھی ۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا دہشت گردی سے پاکستان کو بہت نقصان پہنچا، اسلامی فوجی اتحاددہشت گردی کےخلاف مربوط پلیٹ فارم ہے، افواج ،عوام اور اداروں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کامیابی سے لڑی، اسلامی فوجی اتحادسےدہشت گردی کےخلاف کوششوں کومنظم بنانے کے لیے ہے۔
جنرل(ر)راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف فعال کردار ادا کرتا رہا ہے، پاکستان خطےکی ترقی ،خوشحالی اور امن چاہتاہے، اتحاد کےقیام سے دہشت گردی کےخلاف عالمی کوششوں کو تقویت ملی۔
گذشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اسلامی فوجی اتحاد کے کمانڈر ان چیف راحیل شریف نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی تھی ، جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
ملاقات میں آرمی چیف نےعلاقائی امن اور سیکیورٹی کے لیے اسلامی فوجی اتحادکی کاوشوں کوسراہا تھا۔