نیو یارک (ڈیلی اردو) ڈائریکٹر جنرل عالمی ادارہ صحت ڈاکٹر ٹیڈروس کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس طویل عرصے تک ہمارے ساتھ رہ سکتا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس کا کہنا ہے کہ کورونا کو لے کر غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے، سفر بہت طویل ہے، کرونا وائرس طویل عرصے تک ہمارے ساتھ رہ سکتا ہے۔ڈاکٹر ٹیڈروس نے کہا کہ بیشتر ممالک اب بھی کرونا کے ابتدائی مرحلے میں ہیں، یورپ اور مغربی دنیا زیادہ متاثر ہورہی ہے، لوگ اپنی زندگی معمول پر لانا چاہتے ہیں جس کے لیے ہم کام کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کچھ ممالک میں حالات پیچیدہ تھے وہاں اب کیسز میں کمی آرہی ہے، عالمی ادارہ صحت تمام ممالک میں زندگیاں بچانے کے لیے تعاون کی پابند ہے۔ڈاکٹر ٹیڈروس نے کہا کہ کرونا کی وبا کے نفسیاتی اثرات کو دور کرنے کے لیے بھی سرگرم ہیں، ذہنی صحت کے ماہرین دباؤ میں ہیں پھر بھی اس معاملے پر مل کر کام کررہے ہیں، انسانی حقوق، بدنامی، امتیازی سلوک سے مقابلہ کرنے کے بھی پابند ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈاکٹر ٹیڈروس کا کہنا تھا کہ بدترین وقت ابھی آیا نہیں آنے والا ہے، ساری دنیا کو متحد ہو کر کورونا وائرس سے لڑنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر لاک ڈاؤن کی پابندیوں کو عجلت میں ہٹا دیا گیا تو اس سے وبا کے پھیلاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے، جب تک اس وبا کے خلاف ویکسین دریافت نہیں ہوتی تب تک وبا کے خلاف احتیاطی تدابیر کا طریقہ اپنانا ہو گا۔