بیجنگ (ڈیلی اردو) چین نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کو عالمگیر وبا کورونا سے لڑنے کے لیے مزید 3 کروڑ ڈالر کی امداد کا اعلان کردیا۔
چینی وزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق امداد کا مقصد ترقی پذیر ملکوں کے نظام صحت میں بہتری لانا ہے۔ یاد رہے کہ چین نے اس سے پہلے مارچ میں بھی عالمی ادارہ صحت کو 2 کروڑ ڈالر کا عطیہ دیا تھا۔
چین کا ڈبلیو ایچ کو امداد کرنے کا مقصد یہ ہے کہ کوروونا وائرس سے پھیلنے والے وبائی مرض کے خلاف بین الاقوامی تعاون میں مدد فراہم کی جاسکے۔
کورونا وائرس کی وبا کے آغاز سے لے کر اب تک ڈبلیو ایچ او نے دیگر ملکوں کو وبائی مرض سے نمٹنے کے لیے، اس سے متعلق آگاہی بڑھانے، وبائی مرض سے سائنسی اور شعوری طور پر نمٹنے اور متعلقہ ملکوں کو اپنے نظام صحت کی استعداد بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا جس کو عالمی برادری نے بڑے پیمانے پر سراہا ہے۔