اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے دو مختلف مقامات تحصیل دتہ خیل اور میر علی میں سیکیورٹی فورسز اور طالبان کے مابین جھڑپوں میں تین اہلکار شہید اور 7 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان میں ایک ہی دن میں دو مختلف علاقوں و مقامات میں سیکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں جسکے مطابق ایک واقع تحصیل دتہ خیل کے علاقے توت نارائی میں پیش ایا جہاں پر جھڑپ کے نتیجے میں 2 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 7 دہشت گرد مارے گئے ہیں جبکہ دوسرا واقع میر علی میں پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید، ایک زخمی جبکہ ایک دہشت گرد مارا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے مزید بتایا کہ میر علی واقع میں شہید اور زخمی اہلکاروں کو اے ڈی ایس ہسپتال دوسلی منتقل کردیا گیا ہے اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
دوسری جانب کالعدم تنظیم حزب احرار نے سیکیورٹی فورسز پر ہونے والے حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔