امریکا کا ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای کی رہائش گاہ پر بمباری کا منصوبہ

تہران (ویب ڈیسک) ایرانی فضائیہ کے سربراہ امیر علی حاجی زادہ نے دعویٰ کیا ہے کہ رواں سال جنوری کے اوائل میں پاسداران انقلاب کے کمانڈر قاسم سلیمانی کی بغداد میں امریکی حملے میں ہلاکت کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی رہائش گاہ پر بمباری کا منصوبہ بنایا تھا۔

خیال رہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب کی سمندر پار عسکری کارروائیوں کی ذمہ دار تنظیم’فیلق القدس’ کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کو تین جنوری 2020ء کو عراق کے دارالحکومت بغداد کے بین الااقوامی ہوائی اڈے پر ایک ڈرون حملے میں ہلاک کردیا گیا تھا۔ اس آپریشن میں عراق کی الحشد ملیشیا کے ایک کمانڈر مہدی المہند سمیت کئی دوسرے جنگجو بھی جاں بحق ہوگئے تھے۔

اس واقعے کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں غیرمعمولی اضافہ ہوا اور دونوں ملک جنگ کے دھانے پرآگئے تھے۔

ایرانی فضائیہ کے سربراہ نے سرکاری ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی تھی کہ اگر قاسم سلیمانی کے قتل کا جواب دیا گیا تو امریکا ایران میں 52 ثقافتی مقامات کوبمباری سے نشانہ بنائے گا۔ امریکا کے اس منصوبے میں سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی تہران میں موجود رہائش گاہ بھی شامل تھی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سلیمانی کے قتل کے بعد ایران کو خبردار کیا تھا کہ وہ جوابی کارروائی سے باز رہے ورنہ ایران میں باون اہم ثقافتی مراکز کو بمباری سے نشانہ بنایا جاسکتا ہے تاہم امریکی صدر کی طرف سے ان اہداف کی تفصیل بیان نہیں کی گئی۔

ایران نے امریکی دھمکی کو نظر انداز کرتے ہوئے 8 جنوری کو عراق میں امریکا کے زیرانتظام دو فوجی اڈوں پر میزائل حملے کیے جن میں ایک سو سے زائد امریکی فوجی زخمی ہوگئے تھے۔

حاجی زادہ کا کہنا تھا کہ پاسداران انقلاب کی طرف سے عراق میں دو امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کے بعد 400 دوسرے اہداف کا بھی تعین کیا گیا تھا۔ اگر امریکا مزید کاروائی کرتا تو اس کے بعد اس کے 400 مراکز کو نشانہ بنایا جاتا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں