شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی فائرنگ، 2 اہلکار شہید، 5 زخمی، 9 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی (کاشف محمود) قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کے دوران 9 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 2 اہلکار شہید اور 5 زخمی ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیر ستان کے علاقے خیسورہ اور دو سالی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز کا آپریشن شروع کیا گیا تھا۔

آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے لاس نائیک عبدالوحید اور سپاہی سکم داد جام شہادت نوش کر گئے۔ لاس نائیک عبدالوحید کی عمر 29 سال اور تعلق مظفر آباد سے تھا جبکہ سپاہی سکم داد کی عمر 33 سال اور تعلق ایبٹ آباد سے تھا۔

سیکیورٹی اہلکاروں کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں 9 دہشت گرد مارے گئے جن کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔

گزشتہ ہفتے شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں نامعلوم دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ایک سپاہی شہید اور 3 جوان زخمی ہوئے جبکہ جوابی کارروائی میں 5 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید حوالدار اکبر حسین کا تعلق آزاد کشمیر کے علاقے دھیر کوٹ ضلع باغ سے تھا سیکیرٹی فورسز کا علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں