اسلام آباد (ڈیلی اردو) ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 13 ہزار 328 ہوگئی ہے جبکہ چوبیس گھنٹے میں مزید 12 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 605 نئے کیسز ریکارڈ کئے گئے ،جس کے بعد اس وائرس کا شکار افراد کی مصدقہ تعداد 13 ہزار 328 ہوگئی ہے تاہم اس میں سے 3029 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس نے ایک دن میں مزید 12 افراد کی جان لے لی، جس کے بعد ملک میں اس وائرس کے ہاتھوں جان کی بازی ہارنے والے افراد کی تعداد 281 ہوگئی ہے۔
پنجاب میں کورونا مریضوں کی تعداد 5446 ہے، اس کے علاوہ سندھ میں 4615، خیبرپختونخوا 1864، بلوچستان میں 781، اسلام آباد میں 245، گلگت بلتستان میں 318 جب کہ آزاد کشمیر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 59 ہوگئی ہے۔