غزہ (ڈیلی اردو) اسرائیلی فوج نے خطیب و امام مسجد اقصیٰ کے گھر پر حملہ کیا انھیں زدوکوب کیا اور مسجد اقصیٰ کھولنےسے متعلق بیان پر انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق گزشتہ روز قابض صہیونی فوج کی بڑی تعداد نے تفتیشی کتوں کے ہمراہ مسجد اقصٰی کے خطیب و امام الشیخ عکرمہ صبری کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گھر میں گھس کر انہیں زدو کوب کیا اور مسجد اقصیٰ نمازیوں کیلئے کھولنے کے بیان پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔
قوات الاحتلال تقتحم منزل خطيب المسجد الأقصى الشيخ عكرمة صبري pic.twitter.com/YsoiBsQgYT
— المركز الفلسطيني للإعلام (@PalinfoAr) April 27, 2020
ایک روز قبل الشیخ عکرمہ صبری نے اپنے ایک بیان میں یہودی آباد کاروں کی طرف سے مسجد اقصیٰ کے مراکشی دروازے (جو اسرائیلی حکومت کی جانب سے گزشتہ کئی سالوں سے صیہونیوں کے قبضے میں ہے اور مسجد اقصیٰ پر یہودیوں کے دھاوؤں کیلئے اسی دروازے کو استعمال کیا جاتا ہے) کو کھولنے کی اجازت دینے کے مطالبات پر کہا تھا کہ صیہونی آبادکار قبلہ اول میں داخل ہونے اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کے نام پر مسجد اقصیٰ کے خلاف سازشوں میں ملوث ہیں اور اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے حیلے بہانے تراش رہے ہیں۔
انھوں نے صیہونی ریاست کو خبردار کیا تھا کہ اگر صہیونی حکام نے یہودیوں کے لیے مسجد اقصیٰ کا مراکشی دروازہ کھول دیا تو فلسطینی روزہ دار اور نمازی مسجد کے دیگر تمام دروازے کھول کر اندر داخل ہوجائیں گے۔