اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان میں گذشتہ روز (منگل) کورونا وائرس کے حوالے سے انتہائی تشویشناک ثابت ہوا کیونکہ منگل کے روز ملک میں کسی بھی ایک دن میں کورونا کے مصدقہ متاثرین کی تعداد میں سب سے بڑے اضافے کے ساتھ ساتھ ریکارڈ 26 نئی ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔
منگل کو سامنے آنے والے نئے مصدقہ متاثرین کی تعداد 806 ہے۔ اس سے قبل متاثرین کی تعداد میں ایک دن میں سب سے بڑا اضافہ 20 اپریل کو دیکھنے میں آیا تھا جب 796 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی تھی۔
رپورٹس کے مطابق اس وقت پاکستان میں کورونا وائرس کے 15289 مصدقہ متاثرین موجود ہیں جبکہ ملک بھر میں اموات کی مجموعی تعداد 335 ہو چکی ہے۔ کُل 3425 افراد اب تک صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
پنجاب 5827 متاثرین کے ساتھ بدستور سرِفہرست ہے جبکہ سندھ میں 5291، خیبرپختونخوا میں 2160، بلوچستان میں 915، گلگت بلتستان میں 330، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 297 اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 65 ہے۔
اگر ہلاکتوں کی بات کی جائے تو خیبرپختونخوا میں اب تک 114، پنجاب میں 100، سندھ میں 100، بلوچستان میں 14، اسلام آباد میں 4 جبکہ گلگت بلتستان میں 3 افراد کورونا کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں۔
ہسپتالوں میں موجود 129 مریضوں کی ہلاکت تشویشناک ہے۔ ملک میں اب تک کورونا وائرس کے 165911 ٹیسٹ ہو چکے ہیں۔ منگل کو 8530 نئے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
28 اپریل کو پاکستان میں کورونا وائرس سے 28 ہلاکتیں ہوئیں جو ملک میں 26 فروری کو پہلا کیس رپورٹ ہونے کے بعد سے اب تک ایک روز میں ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں تھیں۔