کابل (ڈیلی اردو) افغانستان کے دارالحکومت کابل سے 11 کلو میٹر دور ریشخور میں خودکش دھماکے میں 3 شہری شہید اور 15 زخمی ہوگئے۔
افغان وزارتِ داخلہ کے مطابق خودکش بمبار نے کابل کے ضلع چھار آسیاب کے علاقے ریشخور میں شہریوں کے درمیان خود کو دھماکے سے اڑایا۔ جس کے باعث وہاں موجود عام افراد نشانہ بن گئے۔ تاہم حکام نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
فوری طور پر حملے کی ذمہ داری کسی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ہے۔
حکام نے حملے کا الزام طالبان پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ روز ہی افغان وزیر داخلہ اور افغانستان میں امریکی فوج کے کمانڈر نے اس فوجی کیمپ کا دورہ کیا تھا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا اور طالبان میں امن معاہدے اور افغان حکومت اور طالبان میں قیدیوں کے تبادلے کے سلسلے کا آغاز ہونے کے بعد حملوں میں کمی آئی ہے اور کابل میں کئی ہفتوں کے وقفے کے بعد ہونے والا یہ پہلا خودکش دھماکا ہے۔
دو روز قبل ہی امریکا نے کورونا وائرس کے پیش نظر افغانستان میں طالبان سمیت تمام متحارب گروپوں سے جنگ بندی کی اپیل کی تھی۔
یاد رہے کہ افغانستان میں خودکش حملہ ایسے موقع پر ہوا ہے جب امریکہ اور طالبان کے درمیان ہونے والے امن معاہدے کے تحت طالبان اور افغان قیدیوں کے تبادلے کا عمل جاری ہے۔