آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کا لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ

راولپنڈی (ڈیلی اردو) آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزیاں علاقائی امن و استحکام کےلئے خطرہ ہیں۔ پاک فوج ہر قیمت پر نہتے شہریوں کا دفاع کرے گی۔ بھارتی فوج کو لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں کا ہمیشہ منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا۔

کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے آرمی چیف کو لائن آف کنٹرول کی صورتحال اور پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر بھی بریفنگ دی۔

آرمی چیف نے لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کی جوابی کارروائیوں، حربی تیاری اور جوانوں کے عزم و حوصلے کی تعریف کی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مسلح افواج مادرِ وطن کی علاقائی سلامتی، عزت اور وقار کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرےگی۔ پاک فوج ہر قیمت پر نہتے شہریوں کا دفاع کرے گی بھارتی فوج کو لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں کا ہمیشہ منہ توڑجواب دیا جائے گا۔

آرمی چیف نے کورونا وائرس کے پیش نظر احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے آزاد کشمیر حکومت کی طرف سے کورونا کے خلاف جنگ میں ساتھ دینے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اس وباء پر قابو پانے کے لئے قومی کوششوں میں بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں