بھارتی فوج کی کیلر اور رکھ چکری سیکٹرز پر فائرنگ، 2 خواتین اور ایک جوان شہید، 2 زخمی

راولپنڈی + مظفر آباد (نمائندگان ڈیلی اردو) بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیز فائدے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی ہتھیاروں سے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے لانس نائیک علی باز سمیت 3 افراد شہید جبکہ دو زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر مسلسل سیز فائر کی خلاف ورزیوں اور اشتعال انگیزیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، بھاری فوج نے کیلر اور رکھ چکری سیکٹروں پر بلا اشتعال فائرنگ کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کیلر سیکٹر پر بھارتی فوجیوں نے پاک فوج کی چوکیوں کو بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا، پاک فوج کی جانب سے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا گیا، جس سے بھارتی فوج کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، بھارتی فوج کی فائرنگ سے لانس نائیک علی باز شہید ہوگئے، جن کی عمر 34 سال تھی جبکہ ان کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع کرک سے تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق رکھ چکری سیکٹر پر بھارتی فوج نے جان بوجھ کر شہری آبادی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں کیرنی گاؤں کی 16 سال لڑکی روبینہ اور 52 سالہ خاتون رشیدہ بیگم شہید ہوگئیں۔

بھارتی فائرنگ سے 10 سالہ بچہ فیضان اور 55 سالہ خاتون روشن بی بی زخمی ہوگئے، دونوں زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز میں فوج کے زیر انتظام چلائے جانے والے ہسپتال میں داخل کردیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ذرائع کے مطابق لائن آف کنٹرول گوئی سیکٹر میں بھارتی فوجی کی بلا اشتعال فائرنگ و گولہ باری جاری ہے۔ جبکہ بھارتی گولہ باری کی آوازیں دور دور تک سنائی دے رہی ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں