اسلام آباد (ڈیلی اردو) کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے علاج پر مامور فرنٹ لائن پر موجود ہیلتھ پروفیشنلز بھی اس خطرناک مرض کا شکار ہو رہے ہیں اور ملک بھر میں اب تک ڈاکٹرز سمیت 444 ہیلتھ ورکرز کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 10 ڈاکٹر جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق متاثر ہونے والے ہیلتھ پروفیشنلز سے یہ وائرس ان سے رابطے میں رہنے والوں میں بھی منتقل ہوا ہے۔
سب سے زیادہ صوبہ سندھ میں 3 ڈاکٹرز، گلگت بلتستان 2، پنجاب 2 جبکہ بلوچستان، اسلام آباد اور خیبر پختونخوا میں ایک ایک ڈاکٹر فرائض کی ادائیگی کے دوران جاں بحق ہو چکے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد میں وائرس کا نشانہ بننے والے ہیلتھ پروفیشنلز میں 18 ڈاکٹرز 10 نرسز اور 13 دیگر شعبوں سے تعلق رکھتے ہیں، اسلام آباد میں متاثرہ 41 ڈاکٹرز اور ہیلتھ ورکرز اسلام آباد کے ہسپتالوں میں تعینات تھے جن سے رابطے میں رہنے والے 180 افراد کی نشاندہی ہوئی ہے اور انہیں فوری طور پر قرنطینہ کیا گیا ہے اور ان کی جانچ کے لیے نمونے بھی حاصل کیے گئے ہیں۔
ان نمونوں میں سے 172 افراد کے نمونوں کی تشخیص ہو چکی ہے جن میں سے 10 افراد میں کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا ہے جبکہ 8 نمونوں کے نتائج آنا باقی ہیں۔
ملک بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ 34 ہیلتھ وکرز ایسے ہیں جو اپنے گھروں یا دیگر جگہوں پر آئسولیٹ ہیں، دو ہیلتھ پروفیشنلز ہسپتالوں میں داخل ہیں جبکہ دو کی حالت خطرے سے باہر ہے، 4 ہیلتھ پروفیشنلز کی صحت بہتر ہونے کے بعد انہیں ہسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا ہے جبکہ ایک ہیلتھ ورکر جاں بحق بھی ہوا ہے۔
وزارت قومی صحت کی رپورٹ کے مطابق مہلک وباء سے اب تک 216 ڈاکٹرز متاثر ہوئے ہیں، اسی طرح 67 نرسسز اور 161 طبی عملہ کے اراکین بھی کورونا کا شکار ہوئے ہیں۔
پاکستان میں آج کورونا وائرس سے مزید 47 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 408 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 17699 تک جا پہنچی ہے۔ اب تک مجموعی طور 4431 افراد کورونا سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔