کابل (ڈیلی اردو) افغانستان کے مشرقی صوبہ لغمان کے دارالحکومت مھترلام میں ایک بم دھماکے میں 3 عام شہری شہید اور 4 زخمی ہو گئے ہیں ، یہ بات صوبائی حکومت کے ترجمان نے ہفتہ کے روز بتائی۔
ترجمان اسداللہ دولت زئی نے شِنہوا کو بتایا کہ موٹرسائیکل سے منسلک دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلہ ( آئی ای ڈی) کے ذریعہ کیاجانیوالا دھماکہ صوبائی جیل کی عمارت کے نزدیک سڑک کے ساتھ کیا گیا۔
عہدیدار نے بتایا کہ اس دھماکے کا واضح ہدف صوبائی محکمہ جیل کے ڈائریکٹر نور محمد تھے جو دھماکے میں زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ہلاک عام شہریوں میں شامل افراد ایک گاڑی پر سوار تھے جو اس علاقے سے گزر رہی تھی۔ کسی بھی گروپ یا تنظیم نے ابھی تک حملے کے ذمہ داری قبول نہیں کی۔
یہ دھماکا اس وقت ہوا جب افغانستان میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن (یوناما) نے پیر کو اعلان کیا تھا کہ رواں سال کے پہلے تین ماہ کے دوران ملک میں لڑائیوں کے نتیجے میں 500 سے زائد عام شہری شہید اور 760 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
یوناما نے حکومت اور حکومت مخالف عناصر پر زور دیا کہ وہ شہریوں کو نقصان سے بچانے کے لئے زیادہ سے زیادہ اقدامات کریں، خاص طور پر ایسے وقت جب تمام افغانیوں کو نوول کرونا وائرس کی عالمی وبا سے خطرہ لاحق ہے۔