بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، 7 شہری زخمی

اسلام آباد + بھمبر (ڈیلی اردو/این این آئی) لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج نے پھر بلااشتعال فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دو نوجوانوں سمیت 7 شہری زخمی ہو گئے۔

بھمبر کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس میر محمد عابد نے بتایا کہ گزشتہ روز سورج ڈھلنے کے بعد بھارتی فوج کی جانب سے آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر اور ضلع بنڈالا میں بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔

انہوں نے بتایا کہ بھارتی فوج کی جانب سے چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں کا بیدریغ استعمال کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں تین گاؤں میں 6 شہری زخمی ہوگئے۔

میر محمد عابد نے بتایا کہ زخمیوں میں کھاوالیاں گاؤں کے 37 سالہ وحید خان اور 40 سالہ زرینہ بیگم، گڑھی کھاوالیاں گاؤں میں 9 سالہ طیب اور 35 سالہ چوہدری محمد جمیل جبکہ پینگا گاؤں میں 34 سالہ شاہین کوثر کے ساتھ ساتھ 40 سالہ ناظمہ بی بی بھی زخمی ہو گئیں۔

دوسری جانب ڈی آئی جی پولیس راشد نعیم خان نے بتایا کہ ضلع پونچھ میں بھارتی فوج نے باقاعدہ ہدف بنا کر فائرنگ کی اور ایک گولی لگنے سے 14 سالہ محمد دانش زخمی ہو گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پولاس گاؤں میں لڑکا اپنے گھر کے باہر کھڑا تھا کہ بھارتی فوجی نے 200 میٹر دوری پر واقع اپنی چوکی سے اسے نشانہ بنا کر زخمی کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ گولی لڑکے کے پاؤں میں لگی اور اسے علاج کے لیے راولاکوٹ کے ہسپتال داخل کردیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ پاک فوج کی جانب سے موثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں بھارتی فوج کی بندوقیں خاموش ہوگئیں۔

ادھر ایل او سی کی خلاف ورزی پر پاکستان کی جانب سے بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا ہے۔

پھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں اور بلا اشتعال فائرنگ پر پاکستان نے سینئر بھارتی سفارت کار کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا، بھارتی افواج کی جانب سے ایل او سی پر جان بوجھ کر بھاری ہتھیاروں سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا جارہا ہے جو قابل مذمت ہے۔

واضح رہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز کی جانب سے مسلسل شہری آبادی کو نشانا بنایا جارہا ہے، چند روز قبل ایل او سی کے بگسر سیکٹر پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے 6 شہری زخمی ہوئے تھے جب کہ اس سے قبل بھی جندروٹ اور کھوئی رٹہ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ سے خاتون شہید جب کہ ایک معصوم بچی زخمی ہوگئی تھی۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں