صنعاء (ڈیلی اردو) یمن میں فوج نے بروز جمعہ کو صوبہ مارب کے علاقے صراوح کے محاذ پر حوثی ملیشیا کا ایک بڑا حملہ ناکام بنا دیا۔ اور اس حملے میں حوثیوں کا ایک اہم کمانڈر ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یمن لڑائی کے نتیجے میں صراوح کے محاذ پر حوثی ملیشیا کا کمانڈر کرنل خالد حسین الکحلانی اپنے متعدد ساتھیوں سمیت مارا گیا۔ یمنی فوج نے قبائل کی معاونت سے صراوح کے محاذ پر حوثیوں کی دراندازی کو ناکام بنا دیا۔
یمنی فوج کے مطابق حوثی ملیشیا کی جانب سے عسکری جارحیت کا سلسلہ جاری ہے۔ اس نے یمنی حکومت اور عرب اتحاد کی جانب سے اعلان کردہ جنگ بندی کی پاسداری نہیں کی۔ جنگ بندی کا اعلان اقوام متحدہ کی اپیل پر کیا گیا جس کا مقصد کرونا کی وبا کا مقابلہ کرنے کے لیے کوششوں کو یکجا کرنا ہے۔
دوسری جانب ذرائع نے بتایا ہے کہ یمن کے وسطی صوبے البیضاء میں “الوہبیہ” کے محاذ پر گذشتہ دو روز کے دوران ہونے والی جھڑپوں میں حوثی ملیشیا کے دو اہم کمانڈر ہلاک ہو گئے۔
الوہبیہ کا محاذ السوادیہ ضلع میں واقع ہے۔ یہاں یمنی فوج اور قبائل جنگجوؤں کی عوامی مزاحمت کو حوثی ملیشیا کی جانب سے شدید لڑائی کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق جمعرات کی شام ہونے والے معرکے کے بعد یمنی فوج اور قبائلی جنگجو الوہبیہ کے بازار کے کنارے تک پہنچ گئے۔